ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہار کے 8 اضلاع میں سیلاب کی صورت حال تشویشناک ، 17لاکھ لوگ متاثر

بہار کے 8 اضلاع میں سیلاب کی صورت حال تشویشناک ، 17لاکھ لوگ متاثر

Thu, 28 Jul 2016 21:33:21    S.O. News Service

وزیراعلیٰ نتیش کمارنے متاثرہ علاقوں کاہوائی سروے کیا
پٹنہ، 28؍جولائی (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بہار کے8 اضلاع میں سیلاب کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔نیپال کے ترائی علاقوں اور شمال و مشرقی بہار میں بارش کی وجہ سے ریاست کے مختلف اضلاع میں سیلاب کا بحران گہرا گیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ریاست کے43بلاکوں کے 1500گاؤں میں سیلاب سے حالات سنگین ہو چکے ہیں، جس سے 17لاکھ سے زیادہ آبادی متاثرہے۔بہار کے وزیراعلی ٰنتیش کمار نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا ہوائی سروے کیا، وہ پورنیہ میں حکام کے ساتھ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ بھی لیں گے۔اب تک سیلاب کے پانی میں ڈوبنے سے 17لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ 10ہزار سے زیادہ گھر تباہ ہو چکے ہیں۔پٹنہ میں واقع سیلاب کنٹرول روم کے مطابق، بہار کی بڑی ندیوں کے پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جبکہ ویر پور بیراج میں کوسی ندی کی آبی سطح مستحکم ہے۔کنٹرول روم میں تعینات اسسٹنٹ انجینئر وویک منڈل نے جمعرات کو آئی اے این ایس کو بتایا کہ صبح 10بجے ویر پور بیراج میں کوسی ندی کی آبی سطح 2.28لاکھ کیوسک ریکارڈ کی گئی ، جبکہ والمیکی نگر بیراج میں گنڈک کی آبی سطح 2.48لاکھ کیوسک تھی ۔انہوں نے بتایا کہ باگمتی ، بینی آباد اور کملا بلان ندی بھی جھنجھارپور میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ریاست میں پورنیہ، کشن گنج، ارریہ، دربھنگہ، مدھے پورہ ، بھاگلپور، کٹیہار اور سپول اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں۔
کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے جبکہ سیتامڑھی، شیوہر سمیت کئی اضلاع میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے سکریٹری ویاس جی نے جمعرات کو بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورت حال پر نگاہ رکھی جا رہی ہے، ضرورت پڑنے پر فوج کی مدد لی جائے گی۔سیلاب کا سب سے زیادہ اثر پورنیہ، کٹیہار، کشن گنج اور ارریہ ضلع میں ہے۔کٹیہار کے حالات پر فوج کی بھی نظر ہے۔ان اضلاع میں سیلاب سے تقریبا تین لاکھ سے زیادہ آبادی متاثر ہے۔کدوا، اعظم نگر، بلرام پور اورپران پور ڈویژن کے علاقے میں صورت حال بھیانک شکل اختیارکرچکی ہے۔مہانندا ندی میں طغیانی سے باند کے اندر موجود تقریبا تین درجن سے زائد پنچایت ڈوب گئے ہیں ۔مہانندا، بکھرا، کنکئی ، پرمار اور کوسی جیسی ندیوں میں طغیانی سے پورنیہ، کشن گنج، ارریہ، دربھنگہ، مدھے پور ہ ، بھاگلپور، کٹیہار اور سپول اضلاع کی حالت خراب ہے۔متاثر گاؤں میں راحت اور بچاؤ کے کام کے لیے 700 سے زیادہ کشتیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کے مطابق، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے بنائے گئے 292ریلیف کیمپوں میں 16لاکھ لوگ پناہ لئے ہوئے ہیں۔اب تک آٹھ اضلاع کے 43بلاکوں کی 443گرام پنچایتوں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا ہے، جن میں 165گرام پنچایتیں پوری طرح زیر آب ہیں۔سیلاب میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے کے لیے 711کشتیوں کی خدمات لی جا رہی ہیں۔


Share: